خود پرستی

خود پرستی کی شوقین حکومت نے سیاسی ماحول کو آلودہ کردیا ہے، اب سیاست میں انتقامی کارروائیوں اور بدزبانی نے جگہ لے لی ہے، مولا بخش چانڈیو

حیدرآباد:پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات مولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ خود پرستی کی شوقین حکومت نے سیاسی ماحول کو آلودہ کردیا ہے، اب سیاست میں انتقامی کارروائیوں اور بدزبانی نے جگہ لے لی ہے۔ وہ حیدرآباد پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان نے اداروں کو متنازعہ بنادیا ہے ، اپنی ہمشیرہ کو رعایت دی ہوئی ہے اور سندھ اسمبلی کے اسپیکر کے ساتھ ظالمانہ رویہ اختیار کررکھا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم کہتے ہیں کہ نواز شریف کو سہولیات ملنی چاہئیں تو پی ٹی آئی کے وزراء کہتے ہیں کہ قانون سب کیلئے ایک ہے۔ وزیراعظم نے کہاتھا کہ پروٹوکول کیلئے لائنیں نہیں لگیں گی آج پروٹوکول کی وجہ سے لوگ پریشان ہوتے ہیں ۔ آپ نے پورے ملک میں دو قانون بنائے ہوئے ہیں ، آپ سیاسی رہنماؤں کا مذاق اڑاتے ہوئے یہ کام آپ کے گلے میں پڑے گا۔ آپ نے ساری زندگی یوٹرن لیا ہے قوم آپ کے بہتر فیصلوں کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کے پی میں پی ٹی آئی کی جو شان تھی اس میں صرف طالبان کا احسان تھا آپ کی پالیسیوں نے ہمیشہ پاکستان کو تنہا کیا ہے ، بلاول بھٹو اگر کالعدم تنظیموں پر پابندی کی باتیں کرتے ہیں تو آپ کو کیوں برا لگتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بلاول بھٹو نے اسمبلی میں کہا تھا کہ خان صاحب قدم بڑھاؤ ہم تمہارے ساتھ ہیں ، شہباز شریف نے بھی غیر مشروط حمایت کی بات کی لیکن آپ نے اچھا جواب نہیں دیا، آپ کے وزراء بدزبانی کرتے رہے ، اداروں کو متنازعہ بنادیا ، انہوں نے کہاکہ ہماری قیادت نے کبھی گالی کا جواب نہیں دیا، ہم اپنے سیاسی معاملات کو ذاتی دشمنی میں تبدیل نہیں کرتے ۔ بلاول بھٹو بی بی کے بیٹے ہیں وہ اچانک دھماکہ کردیں گے۔انہوں نے کہاکہ یہ حکومت ناکام ہوگئی ہے۔