جنوبی پنجاب

جنوبی پنجاب کے ہسپتالوں ایم ایس حضرات کو کارکردگی بہتر کرنے کا آخری موقع

لاہور :سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ پنجاب زاہد اختر زمان نے جنوبی پنجاب کے مختلف ہسپتالوں کے دورہ کے دوران ایم ایس حضرات کو کارکردگی بہتر کرنے کا آخری موقع دیا ہے۔ انہوں نے یہ احکامات تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال سخی سرور، تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال علی والا، تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کوٹ چٹھہ اور دیہی ہیڈکوارٹر سرور والی کے دورہ کے دوران جاری کئے۔ سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ پنجاب نے جنوبی پنجاب کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی آؤٹ ڈور، ان ڈور فارمیسی، آپریشن تھیٹر، پیشنٹ رجسٹریشن ڈیسک، میڈیسن سٹور اور ڈائیلسز یونٹس کا دورہ کیا۔انہوں نے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات بارے دریافت کیا جبکہ تحصیل ہیڈکوارٹر سخی سرور کی پرانی عمارت کی جگہ نئی عمارت بنانے کے احکامات جاری کئے۔زاہد اختر زمان نے کہا کہ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال علی والاکی حالت بہتر کرنے کے لئے بجٹ میں مختص رقم کا شفاف استعمال کیا جائے۔ایمرجنسی اور ان ڈور مریضوں کے لئے ادویات کی سوفیصد فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔