سیکیورٹی چیف

آسٹریلوی سیکیورٹی چیف پاکستانی انتظامات سے مطمئن

کراچی: کرکٹ آسٹریلیا کے سیکیورٹی چیف شان کیرل پاکستانی انتظامات سے مطمئن دکھائی دیتے ہیں۔

شان کیرل نے گزشتہ روز نیشنل اسٹیڈیم کا تفصیلی دورہ کیا، کیرل نے مرحلہ وار مختلف انکلوژرزکا اندرونی جائزہ لیا،اس دوران وہ تمام مناظر اپنے موبائل فون سے ریکارڈ بھی کرتے رہے۔

واضح رہے کہ شان کیرل کی رپورٹ پر آسٹریلیا سمیت دیگر ٹیموں کی پاکستان آمد ممکن ہو سکتی ہے۔ دریں اثنا نیشنل اسٹیڈیم میں پی ایس ایل 4کے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے والے انٹرنیشنل مندوبین کو بریفنگ دی گئی۔

ذرائع کے مطابق پاکستان رینجرز سندھ کے سیکٹرکمانڈر بریگیڈیئرشفیق نے انچارج آسٹریلیا کرکٹ بورڈ سین کیرول اور بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کے میجر(ر) حسین امام کو فول پروف سیکیورٹی اقدامات پر بریفنگ دی۔

سیکٹر کمانڈر نے بتایا کہ سیکیورٹی کوفول پروف بنانے کے لیے اسٹیڈیم کے گردونواح اورکراچی بھرمیں سرچ آپریشن کیے جا رہے ہیں،روٹس اوراسٹیڈیم کی فضائی نگرانی بھی جاری ہے،کھلاڑیوں کے روٹس پرپولیس اور رینجرز کی عارضی چوکیاں بنا دی گئیں اور اسنائپرزکوتعینات کیا گیا ہے، آسٹریلوی اور بنگلہ دیشی بورڈ کے آفیشلز نے سیکیورٹی حوالے سے رینجرز اور پولیس کے اقدامات پر اعتماد کا اظہار کیا۔