لاہور: گلوکار علی ظفر نے اداکارہ میشا شفیع کیخلاف دائر کئے گئے ہتک عزت کے دعویٰ کے جلد فیصلے کے لئے سیشن عدالت میں ایک اور درخواست دائر کر دی۔
عدالت نے درخواست پر میشا شفیع کو 19 مارچ کے لئے نوٹس جاری کر دیا۔ دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایک سال سے کیس زیر سماعت ہے،میشا شفیع مختلف طریقوں سے کیس کو التوا کا شکار کر رہی ہیں ،اس لئے استدعا ہے کہ عدالت کیس کا ایک ماہ میں فیصلہ کرے۔
یاد رہے کہ میشا شفیع نے علی ظفر کے خلاف جنسی ہراسگی پر آواز اٹھاتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر کہا تھا کہ جنسی ہراساں کیے جانے کے واقعہ پر اس لیے خاموشی توڑ رہی ہوں کیونکہ مجھے لگتا ہے کہ اس اقدام کے ذریعے اُس روایت کو ختم کرسکتی ہوں جو ہمارے معاشرے کا حصہ ہے۔
گلوکارعلی ظفر نے میشا کے دعوے پر ردعمل میں کہا تھا کہ میں سوشل میڈیا پر الزام تراشی کے بجائے میشا شفیع کو عدالت لے کر جاؤں گا۔ علی ظفر نے گلوکارہ کے خلاف 10 کروڑ روپے ہرجانے کا دعوٰی دائر کر رکھا ہے اور اب کیس کا جلد فیصلہ سنانے کیلئے ایک اور اپیل دائر کی ہے۔