اسلام آباد : پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) میں قائم برن سینٹر کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر طارق اقبال نے پمز برن سنٹر کو ملک کا جدید ترین سہولیات سے آراستہ ادارہ قرار دیا ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر طارق اقبال نے کہا کہ پمز میں برن سینٹر کا قیام جولائی 2007ءمیں عمل میں لایا گیا تھا۔ یہ سرکاری شعبہ میں پاکستان کا پہلا برن سینٹر ہے جو عالمی معیار کے مطابق گذشتہ 10سال سے جلنے والے مریضوں کے لئے خدمات فراہم کر رہا ہے، اب تک اس برن سینٹر سے 95 ہزار کے قریب مریضوں کو علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کی جاچکی ہیں۔
مریضوں کے علاج معالجے کی شرح دنیا میں کسی بھی ترقی یافتہ ملک کے مقابلہ میں کم نہیں ہے اس سنٹر میں مریض کی جلی ہوئی جلد کی سنتھیٹک ٹرانسپلانٹیشن اور بائیو ڈریسنگ کی سہولیات بھی موجود ہیں۔ 2014ءسے اس سینٹر میں برنز ڈاکٹرز کے لئے تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز کیا گیا ہے جس کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پمز میں قائم برن سینٹر اپنی نوعیت کے لحاظ سے واحد برن سینٹر ہے جہاں پر برن وارڈ میں عام آپریشن اور پلاسٹک سرجری تک کی سہولیات موجود ہیں۔ برن یونٹ میں ایک خصوصی وارڈ مختص ہے جہاں زیادہ اور معمولی جلے ہوئے مریضوں کو تمام تر سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔