ملائشین وزیراعظم

ملائشین وزیراعظم کا دورہ دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات اورمعیشت کو نئی بلندیوں پر لے جانے میں مددگار ہو گا،علی محمد خان

اسلام آباد :وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا یہ سرکاری دورہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور پاکستانی معیشت کو نئی بلندیوں پر لے جانے میں مددگار ثابت ہو گا۔

جمعرات کو نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ وزیراعظم مہاتیر محمد کا پاکستان کا یہ سرکاری دورہ بہت مفید اور نتیجہ خیز ثابت ہو گا اور ملائیشن وزیراعظم کا تجربہ پاکستان سے بدعنوانی کے جڑ سے خاتمے میں بھی مدد دے گا۔ وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ اس دورے کے دوران ملائیشیا کے کاروباری اداروں کے ساتھ پاکستان میں سرمایہ کاری کی مفاہمت کی کئی یادداشتوں پر دستخط بھی ہوں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کا بالکل واضح موقف ہے کہ بھارت کو کشمیر کے بے گناہ اور نہتے کشمیریوں پر ظلم و بربریت کو بند کرنا چاہیئے جو انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی بھی ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری پر زور دیا کہ وہ قومی معاملات پر سنجیدہ اور قابل فہم بیانات دیں۔