لاہور:نامور اداکار حسن سبحانی نے کہا ہے کہ خود کوآج بھی فن کا ایک طالبعلم سمجھتا ہوں ،ہمیشہ اپنے سینئرز کا احترام اور ان سے سیکھنے کی کوشش کی ہے ، اپنے اوپر کسی خاص کردار کی چھاپ نہیں لگنے دینا چاہتا ۔
خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فلم ، ٹی وی اور اسٹیج صرف انٹرٹینمنٹ کا نام نہیں ہونا چاہیے بلکہ اس کے ذریعے معاشرے کی اصلاح خصوصاً نوجوان نسل کو راہ دکھانے کی ضرورت ہے ۔ میری تجویز ہے کہ ہر پراجیکٹ میں تعلیم کے حوالے سے شعور دینے کےلئے لازمی کچھ حصہ مختص ہونا چاہیے یا تعلیم کی اہمیت کے حوالے سے ایک کمرشل لازمی اس کا حصہ ہونا چاہیے ۔حسن سبحانی نے کہا کہ مجھے ویسے رومینٹک کردار نبھانا زیادہ اچھا لگتا ہے لیکن میں اپنے اوپر کسی مخصوص کردار کی چھاپ نہیں لگنے دینا چاہتا ۔
خواہش ہے کہ ایسا کردار ادا کروں جومیری نسبت سے مدتوں میرے پرستاروں کے ذہنوں پر نقش رہے ۔حسن سبحانی نے کہا کہ مجھے تو ایک بات پتہ ہے کہ با ادب با مراد اور بے ادب بے مراد اس لئے میں اپنے سینئرز کابیحد احترام کرتا ہوں بلکہ ان سے سیکھنے کی جستجو میں بھی رہتا ہوں ۔