اسلام آباد :وزیراطلاعات چوہدری فواد حسین نے یوم پاکستان پر شہداءاور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان شہیدوں اور غازیوں کی امانت ہے، اس کی حفاظت اور ترقی مقدس فرض ہے،وزیراعظم عمران خان بانیان پاکستان کے تصورات کی روشنی میں ملک کو حقیقی فلاحی ریاست بنانے کے لیے کوشاں ہیں،روشن مستقبل پاکستان کا منتظر ہے، آنے والے ماہ وسال میں نیا اور قابل فخر پاکستان دنیا میں ابھرے گا۔
ہفتہ کو قوم کو یوم پاکستان کی مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ پاکستان شہیدوں اور غازیوں کی امانت ہے، اس کی حفاظت اور ترقی مقدس فرض ہے۔وزیر اطلاعات نے کہاکہ پاکستان کی امانت میں خیانت کرنے والوں کا عبرت ناک انجام ہوا۔وزیر اطلاعات نے کہاکہ عمران خان کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف قائداعظم اور علامہ اقبال کے افکار ونظریات کی تکمیل کے لئے کاربند ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہاکہ آج کا دن تجدید عہد وفا کا دن ہے، اپنے اسلاف کے روشن کردار کو اپنا کر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔وزیر اطلاعات نے کہاکہ آج کے دن ہمیں اپنے آباو¿ اجداد کی عظیم قربانیوں کو بھی یاد رکھنا ہے جنہوں نے قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں پاکستان کو مضبوط، خوشحال اور فلاحی ریاست بنانے کا عزم کیا تھا۔
وزیر اطلاعات نے کہاکہ ایسی ریاست جہاں امیر اور غریب کے لیے قوانین مختلف نہ ہوں،جہاں سماجی انصاف کو یقینی بنایا جاسکے اور بلا امتیاز تمام شہریوں کو آگے بڑھنے کے مساوی مواقع میسر آسکیں۔انہوںنے کہاکہ تحریک پاکستان کا یہ کارواں اپنے حتمی مقصد کو حاصل کرکے رہے گا۔
انہوںنے کہاکہ وزیراعظم عمران خان بانیان پاکستان کے تصورات کی روشنی میں ملک کو حقیقی فلاحی ریاست بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔
وزیر اطلاعات نے کہاکہ روشن مستقبل پاکستان کا منتظر ہے، آنے والے ماہ وسال میں نیا اور قابل فخر پاکستان دنیا میں ابھرے گا۔وزیر اطلاعات نے کہاکہ بابائے قوم کے ایمان، اتحاد تنظیم کے روشن اصولوں کو اپناکرہمیں پاکستان کی تعمیر کے لئے خود کو وقف کرنا ہوگا۔