نواز شریف

نواز شریف کے گردوں کی بیماری کے دعوے مسترد ، عوام کو گمراہ نہ کیا جائے‘ ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب

لاہور: نواز شریف کے گردوں کی بیماری کے دعوﺅں کو مسترد کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب پنجاب کے ترجمان ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ مریم نواز 2 دن سے نواز شریف کے گردوں کی بیماری پر پروپیگنڈا کرتی رہی ہیں۔

نجی ٹی وی کے مطابق شہباز گل نے کہا کہ گردوں کے اسپیشلسٹ ڈاکٹر نے رپوٹ میں واضح کیا ہے کہ نواز شریف کے تمام رینجز نارمل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹرز نے میاں صاحب کو پانی کے زیادہ استعمال کا مشورہ دیا ہے، ڈاکٹرز نے پروٹینز کم لینے اور ادویات جاری رکھنے کا بھی مشورہ دیا ہے۔

وزیر اعلی پنجاب کے ترجمان نے کہا کہ ڈاکٹرز کی رپورٹ سب کے سامنے ہے، عوام کو گم راہ نہ کیا جائے۔خیال رہے کہ مریم نواز نے ٹویٹر پر اپنے والد کی میڈیکل رپورٹس شیئر کرتے ہوئے کہا تھا کہ نواز شریف کے گردوں کا مرض اسٹیج تھری تک پہنچ چکا ہے اور بازو میں بھی بدستور تکلیف ہے۔مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کے گردوں کا مرض مزید بڑھ گیا ہے، گزشتہ روز گردوں کے ٹیسٹ کے نتائج ٹھیک نہیں آئے ہیں۔