لاہور:وزیر اعلیٰ پنجاب کے سیاسی معاون سید رفاقت علی گیلانی نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں کسی بھی زرعی زمین پر آئندہ کسی بھی نوعیت کی ہاؤسنگ سکیم بنانے کی اجازت نہیں دے گی اورزمین کو اس کے اصل مقاصد کے لئے ہی استعمال میں لا یا جا ئے گا،اس سلسلے میں قانون بنانے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔
اپنی رہائش گاہ پر آئے وفد سے ملاقات میں انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں رہائش کے لئے فلیٹ سسٹم کو ترجیح دینے بار ے بھی حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے تاکہ متعین جگہ پر زیادہ ے زیادہ خاندان آباد ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ زرعی زمین کا تحفظ وقت کی اہم ضرورت ہے اگر ابھی سے اس کا تدارک نہ کیا گیا تو ہماری آنے والی نسلیں ہمیں کبھی معاف نہیں کریں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبہ بھر کے تمام متعلقہ محکموں کواس سلسلہ میں پابند کیا گیا ہے کہ و ہ زرعی زمینوں اور سرکاری زمینوں کی مانیٹرنگ کریں تاکہ کوئی بھی انو یسٹر کسی بھی زرعی زمین پر اپنے مزموم عزائم میں کامیاب نہ ہو سکے۔