لاہور :مزدورریاست کا اہم ستون ہیں جن کے جان و مال کی حفا ظت حکومت کی اہم ذمہ داری ہے، وزیر اعظم پاکستان وزیر اعلیٰ پنجاب کا ویژن ایک عام آدمی کے معیار زندگی کو بلند کر نا اور تمام سہولیات فراہم کرنا ہے ،حکومت نے صوبہ بھر میں لیبر کالونی کے قیام کے لیئے عملی اقدامات کا آغازکر دیا ہے ، محکمہ معدنیات کو بہترین پالیسیوں کی بنا پر مستقبل کا کار آمد محکمہ بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔
ان خیالات کا اظہار وزیر معدنیات حافظ عمار یاسر نے تقریب سے خطاب کے دوران کیا ۔تقریب میں مائنز افسران نے شرکت کی ۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں معدنیات کی تلاش کا کام جاری ہے جس کے حوصلہ افزا نتائج سا منے آئے ہیں ۔
اور جلد ان مقامات پر معدنیات حاصل کرنے کا کام شروع کر دیا جائے گا۔ جلد محکمہ ماحولیات کے ساتھ باہمی مشاورت اورمشترکہ طریقہ کار کے ذر یعے آلودگی کے خاتمہ کے لئے حکمت عملی بنائیں گے تاکہ جن علاقوں میں معدنیات حاسل کرنے کا کام جاری ہے وہاں پر ماحولیاتی آلودگی کا خاتمہ ہو سکے۔
زیادہ سے زیادہ ریونیو حاصل کرنے کے لئے لیز ہولڈر کو بہتر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہو ں نے کہا کہ محکمہ معدنیات میں افسران و ملازمین کی ترقی کا عمل کار کردگی سے مشروط کر دیا گیا ہے ۔
سرکاری فرائض کی ادائیگی میں کسی قسم کی سستی اور غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں چنیوٹ میں معدنیات کی تلاش کے لئے پانچ مقامات کا سروے مکمل کر لیا گیا ہے۔
ان پانچ مقامات پر ترکی اور پاکستان کے مایہ ناز انجنئیزبا ہمی مشاورت اور رضا مندی سے لوہا، سونا اور دیگر معدنیات کی تلاش میں پوائنٹس بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو ہر قسم کی نعمت سے مالا مال کیا ہے۔
گزشتہ ادوار میں ملکی و غیر ملکی فرموں نے پاکستانی معدنیات کو مال مفت سمجھ کر اپنی تجوریاں بھریں اور اپنی من پسند غیر ملکی فرموں کو اونے پونے ٹھیکے دئیے اور قیمتی معدنیات وہ فرمیں بغیر کسی ٹیکس کے باہر لے گئیں ۔انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں معدنیات کے کھوج کے لئے مختلف اضلاع میں سائیٹس منتخب کر لی گئیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب پاکستان حقیقی معنوں میں اپنی کرنسی اور دیگر معدنیات کی بنا پر دنیا بھر میں اپنا تشخص قائم کرے گا۔ایمپلائیز اور ورکرز کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے اور تمام صوبو ں میں قوانین کو تکنیکی طریقے سے بہتر بنانیکے لئے کام شروع کر دیا گیا ہے ۔
مائنز میں مزدوروں کو حادثات سے دو چار ہونے سے محفوظ رکھنے کے لئے حکمت عملی پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔اس سلسلے میں حکومت پنجاب نے ملک بھر سے مائنز ماہرین کو بلایا تاکہ سارے صوبے ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کریں۔ آنے والی نسلوں کے لیے ایسا فریم ورک مرتب کرینگے جس کی روشنی میں مزدوروں کو بہتر سہولیات میسر آسکیں گی۔
محکمہ مائنز اینڈ منیرلز کو ملک کا رول ماڈل ڈیپارٹمنٹ بنا کر معدنیات کے شعبے کے ماتھے کا جھومر بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔