لاہور ( این این آئی) لاہور ہائیکورٹ نے چڑیا گھر لاہور میں دو سال سے ہاتھی نہ رکھنے کے خلاف درخواست پر پنجاب حکومت، ڈائریکٹر لاہور چڑیا گھر سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 10روز میں جواب طلب کرلیا۔ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس محمد امیر بھٹی نے شہری محمد فواد مغل کی درخواست پر سماعت کی۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ سوزی ہتھنی کو ہلاک ہوئے تقریباً دوسال کا عرصہ گزار چکا ہے۔
چڑیا گھر میں دور دراز سے لوگ قدرت کے شاہکار دیکھنے آتے ہیں ،تمام جانور قدرت کی طرف سے انسانوں کے لئے انمول تحفہ ہیں مگر ابھی تک لاہور چڑیا گھر ہاتھی جیسے شاہکار سے محروم ہے، ابھی تک چڑیا گھر کے لئے ہاتھی کی خریداری نہیں کی گئی، ہاتھی کی خریداری نہ کرنے سے بچے قدرتی شاہکار کو دیکھنے سے محروم ہیں، محکمہ کو ہاتھی کی خریداری کے لئے درخواست دی لیکن کوئی سنجیدہ جواب نہیں دیا گیا۔ معزز عدالت سے استدعا ہے کہ پنجاب حکومت کو لاہور چڑیا گھر کے لئے جلد از جلد ہاتھی کی خریداری کا حکم دیا جائے ۔ جس پر فاضل عدالت نے کہا کہ دوسال سے چڑیا گھر میں ہاتھی کیوں نہیں رکھا، دس روز میں جواب دیا جائے۔ جس کے بعد کیس کی مزید سماعت ملتوی کر دی گئی ۔