کیا زندگی میں امراض قلب کو ہمیشہ خود سے دور رکھنا چاہتے ہیں؟ تو ناشتے میں روزانہ ایک انڈے کا استعمال عادت بنالیں۔
یہ دعویٰ چین میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا۔
طبی جریدے جرنل ہارٹ میں شائع تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ روزانہ ایک انڈہ کھانے کی عادت خون کی شریانوں سے جڑے امراض جیسے ہارٹ اٹیک اور فالج وغیرہ سے موت کا خطرہ 18 فیصد تک کم کردیتی ہے۔
تحقیق میں کہا گیا کہ یہ خیال غلط ہے کہ زیادہ انڈے کھانے سے جسم میں کولیسٹرول کی مقدار میں اضافہ ہوتا ہے جو کہ خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔
محققین کا کہنا تھا کہ انڈوں اور امراض قلب کے درمیان تعلق کے بارے میں شواہد مضبوط نہیں۔
محققین نے انڈے کھانے کی عادت اور خون کی شریانوں جسے جڑے امراض کے تعلق کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا اور 30 سے 79 سال کے افراد کے 13 فیصد افراد نے بتایا کہ وہ ایک انڈہ روزانہ کھاتے ہیں، جبکہ 9 فیصد اس غذا سے ہمیشہ دور رہے یا بہت کم کھانے کا اعتراف کیا۔
محققین کا کہنا تھا کہ فالج اور برین ہیمرج قبل از وقت موت کی بڑی وجوہات میں شامل ین جن کے بعد امراض قلب کا نمبر آتا ہے۔
ایک مخصوص گروپ کا 9 سال تک جائزہ لینے کے بعد محققین نے دریافت کیا ایک انڈہ روزانہ کھانا امراض قلب کا خطرہ کم کردیتا ہے۔
انہوں نے دریافت کیا کہ ایک انڈہ روزانہ کھانے سے برین ہیمرج (دماغی شریان پھٹنے)کا خطرہ 26 فیصد تک کم ہوجاتا ہے جبکہ اس عادت کے نتیجے میں کسی بھی قسم کے فالج سے موت کا خطرہ 28 فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔
تحقیق کے مطابق یہ عادت امراض قلب کا خطرہ بھی 12 فیصد تک کم کردیتی ہے۔
محققین کا کہنا تھا کہ اعتدال میں رہ کر انڈے کھانا یعنی روزانہ ایک کھانا جان لیوا امراض سے بچاسکتا ہے۔