ممبئی( آن لائن )ماضی کی معروف بھارتی اداکارہ نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں شمولیت اختیار کرلی ہے، جس کے بعد ان قیاس آرائیوں کو تقویت مل رہی ہے کہ بی جے پی انہیں سماج وادی پارٹی کے سینئر رہنما اعظم خان کے خلاف رام پور سے میدان میں اتارے گی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق جیا پرادا اور اعظم خان ایک دوسرے کے سخت حریف تصور کیے جاتے ہیں۔جیا پرادا کا کہنا ہے کہ وہ وزیراعظم نریندر مودی کے کام سے متاثر ہوکر بی جے پی میں شامل ہورہی ہیں اور یہ ان کی زندگی کا اہم لمحہ ہے۔بھارتی اداکارہ نے اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز 1994 میں تیلگو دیشم پارٹی سے کیا تھا اور آندھرا پردیش سے راجیہ سبھا کی رکن رہیں۔
ٹی ڈی پی کے سربراہ چندرا بابو نائیڈو سے تعلقات خراب ہونے کے بعد جیا پرادا نے سماج وادی پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔سماج وادی پارٹی کے اس وقت کے لیڈر امر سنگھ کی معتمد جیا پرادا نے 2004 اور 2009 کے انتخابات میں رام پور سے کامیابی حاصل کی۔جیا پرادا کو 2010 پارٹی لیڈر شپ سے اختلافات کے دوران امرسنگھ کی حمایت کرنے پر سماجی وادی پارٹی سے نکال دیا گیا تھا، انہوں نے اپنی علاقائی جماعت بنائی اور 2012 کے اسمبلی انتخابات میں حصہ لیا لیکن بہت زیادہ کامیابی نہ مل سکی۔
اس کے بعد بھارتی اداکارہ راشٹریہ لوک دل میں شامل ہوگئیں اور 2014 میں بجنور سے الیکشن لڑا، جس میں وہ چوتھے نمبر پر آئیں۔