لاہور ( این این آئی)لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی ڈائریکٹر جنرل آمنہ عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ کثیر المنزلہ عمارتوں میں آتشزدگی کے واقعات کے پیش نظر ان عمارتوں کی طرف سے ا پنے فائر ہائیڈرنٹس نصب کرنے کی لازمی شرط پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے ،اس سلسلے میں شہریوں کی آگاہی کے لئے مہم چلائی جائے ‘تاجروں کو اعتماد میں لیاجائے اور انہیں فائر ہائیڈرنٹس نصب کرنے کے لئے فنی معاونت مہیا کی جائے ،ایل ڈی اے ‘واسا اور ٹیپا کے افسران پر مشتمل خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے جو 38فٹ یا اس سے بلند عمارتوں کی طرف سے سات روز کے اندر اندر فائر ہائیڈرنٹس کی تنصیب یقینی بنائے گی ، اس مدت کے بعد ان عمارتوں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی جائے گی ۔
گزشتہ روز ایک خصوصی اجلاس کے دوران انہوں نے بتایا کہ پاکستان انجینئرنگ کونسل کے تعاون سے ایل ڈی اے کنٹرولڈ ایریا میں بین الاقوامی معیار کے فائر سیفٹی سٹینڈرز پر عمل درآمد کر وایاجائے گا ۔ اس مقصد کے لئے ریسکیو 1122اور لیسکو کا تعاون بھی حاصل کیاجائے گا ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ تعمیراتی قواعدکے تحت 38فٹ یا اس سے زیادہ بلند عمارتوں کا نقشہ منظور کروانے کے لئے اپنا فائر ہائیڈرنٹ لگانا لازمی شرط ہے۔شہر میں اس وقت202فائر ہائیڈرنٹس پہلے سے نصب ہیںجبکہ مصروف علاقوں میں مزید ہائیڈ رنٹس لگانے کی ضرورت ہے۔
اجلاس میں ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر واسا اسلم نیازی،چیف ٹاون پلانر سید ندیم اختر زیدی ‘چیف انجینئر مظہر حسین خان اور دیگر افسران نے شرکت کی ۔