بچت پالیسی کے

متروکہ وقف املاک بورڈ کے کنٹرولر آف اکاﺅنٹس کا انوکھا اقدام

لاہور ( این این آئی) وزیر اعظم عمران خان کی اداروں میں بچت پالیسی کے برعکس متروکہ وقف املاک بورڈ کے کنٹرولر آف اکاﺅنٹس کا انوکھا اقدام، محکمہ میں کنٹریکٹ پر تعینات کنٹرولر آف اکاﺅنٹس نے فرانزک آڈٹ کے دوران دفتری امور نمٹانے کا اعزازیہ حاصل کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔

ذرائع کے مطابق متروکہ وقف املاک بورڈ کے ملازمین کو اوور ٹائم، اعزازیہ دینے کے حوالے سے رواں مالی سال کے بجٹ میں منظورہ شدہ 50لاکھ روپے سالانہ کا فنڈ ختم ہو چکاہے تاہم محکمہ میں کنٹریکٹ پر تعینات کنٹرولر آف اکاﺅنٹس نے اپنے سمیت ،اکاﺅنٹس، ایڈمنسٹریشن کے علاوہ بعض دیگر برانچز کے حامی ملازمین کو اعزازیہ دلوانے کے لئے 8سے9لاکھ روپے اعزازیہ دینے کی فائل تیار کر لی ہے ۔

ذرائع کے مطابق فائل ریجیکٹ ہونے کے ڈر سے ،قواعد کے برعکس اعزازیہ حاصل کرنے کی غرض سے سیکرٹری بورڈ کا نام بھی فہرست میں شامل کیا گیا ہے ۔صدیق الفاروق دور میںکنٹریکٹ پر بھرتی ہونے والے کنٹرولر آف اکاﺅنٹس کے کنٹریکٹ میں چند روز قبل 6ماہ کی توسیع کی گئی ہے ۔سیکرٹری بورڈ طارق وزیر خان نے کہا کہ قواعد کے برعکس کام کیا نہ کرنے دوں گا، ابھی فائل میرے تک نہیں پہنچی، اعزازیہ صرف انہی کا حق ہے جو دفتری اوقات کے بعد بھی کام کرتے ہیں۔