PakAus

پاکستان کو تیسرے ون ڈے میں بھی شکست، سیریز آسٹریلیا کے نام

بوظہبی: آسٹریلیا نے پاکستان کو تیسرے ون ڈے میں 80 رنز سے ہرا کر سیریز بھی اپنے نام کرلی ۔

ابوظہبی میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گئے تیسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان کو جیت کے لیے 267 رنز کا ہدف ملا تھا تاہم پوری ٹیم 186 رنز پر ہی آؤٹ ہوگئی۔ تیسرے ون ڈے میں شکست کے بعد آسٹریلیا نے سیریز بھی اپنے نام کرلی ہے۔

پاکستان کی جانب سے امام الحق اور شام مسعود نے اننگ کا محتاط انداز میں آغاز کیا لیکن پانچویں ہی اوور میں شان مسعود صرف 2 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ شان مسعود کے بعد آنے والے بلے باز حارث سہیل بھی صرف ایک رن بناکر چلتے بنے۔ دونوں کھلاڑیوں کو پیٹ کمنز نے پویلین کی راہ دکھائی۔ کمنز کا تیسرا شکار محمد رضوان بنے جو اپنا کھاتہ بھی نہ کھول سکے۔

امام الحق اور شعیب ملک کے درمیان چوتھی وکٹ کی شراکت میں 59 رنز بنے اور 75 رنز پر امام الحق آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 72 گیندوں پر 46 رنز کی سست اننگ کھیلی اور میکسویل کا شکار بنے۔ امام الحق کے بعد عمر اکمل میدان میں اترے۔ 96 رنز پر شعیب ملک بھی آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے 32 رنز کی اننگ کھیلی۔ 149 رنز کے اسکور پر عمر اکمل بھی آؤٹ ہوگئے۔

عماد وسیم اور یاسر شاہ نے ساتویں وکٹ کی شراکت میں کینگروز کے سامنے کچھ مزاحمت دکھائی تاہم 178 رنز پر عماد وسیم بھی آؤٹ ہوگئے۔ جس کے بعد عثمان شنواری بھی پویلین لوٹ گئے۔ 186 رنز پر پاکستان کی نویں وکٹ جنید خان کی صورت میں گری۔