ریاض: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے سعودی وزیرثقافت شہزادہ بدر بن عبداللہ بن محمد بن فرحان سے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ملاقات کی جس میں دونوں برادر اسلامی ملکوں کے باہمی تعلقات خصوصاًً ثقافتی امورپرتبادلہ خیال کیاگیا۔ملاقات میں18فروری 2019کو اسلام آبادمیں ہونے والے اجلاس میں کئے جانے والے فیصلوں پر پیشرفت کا جائزہ بھی لیاگیا۔وزیراطلاعات چوہدری فواد حسین نے سعودی وزیر کو وزیراعظم عمران خان کے ثقافت کے شعبے کے حوالے وژن سے آگاہ کیا۔
وفاقی وزیرچوہدری فواد حسین نے کہاکہ ثقافت ملکی تشخص کو اجاگر کرنے کا اہم ذریعہ ہے۔وزیراطلاعات نے پاکستان میں غربت کے خاتمے اور معاشی استحکام کےلئے خادم حرمین شرفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان آل سعود کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ سعودی وزیر ثقافت شہزاد بدر نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے باہمی تعلقات آزمودہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی پاکستان کو مستحکم بنانے کےلئے کی جانے والی کوششوں کو سراہتے ہیں۔
وزیراطلات چوہدری فواد حسین کے ہمراہ خیبرپختونخوا کے وزیراطلاعات شوکت یوسفزئی بھی سعودی عرب کے دورے پر ہیں۔پاکستانی وفد وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کی سربراہی میں سعودی وزیر ثقافت شہزادہ بدر بن عبد اللہ آل سعود کی خصوصی دعوت پر سعودی میں موجود ہے۔سعودی عرب کے سفیر علی اعجاز راجہ بھی اس ملاقات میں موجود تھے ۔