اسلام آباد:(اے پی پی) گندم کے زیر کاشت رقبہ میں کمی کے باعث رواں سال گندم کی ملکی پیداوار 24.8 ملین ٹن رہنے کی توقع ہے۔
قومی معیشت کے بارے میں سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی دوسری سہ ماہی رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال کیلئے گندم کا پیداواری ہدف 25.6 ملین ٹن مقرر کیا گیا تھا تاہم زیر کاشت رقبہ میں کمی کے نتیجہ میں گندم کی پیداوار 24.8 ملین ٹن تک رہنے کا امکان ہے جو ہدف سے 0.8 ملین ٹن تک کم ہو سکتی ہے۔ ایس بی پی کے مطابق مالی سال 2018ءکے مقابلہ میں رواں مالی سال 2019ءکے دوران گندم کے علاوہ دیگر بڑی نقد آور فصلوں کی پیداوار میں بھی کمی کا خدشہ ہے اور گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال کے دوران کپاس کی پیداوار میں9.2 فیصد، چاول کی پیداوار میں 3.9 فیصد اور گنے کی پیداوار میں 15.9 فیصد کی کمی کا خدشہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق پانی کی قلت اور زرعی مداخل کی قیمتوں میں اضافہ کی وجہ سے بڑی نقد آور فصلوں کی پیداوار میں کمی کا امکان ہے تاہم گندم کی پیداوار نہ صرف ملکی غذائی ضروریات کی تکمیل کیلئے کافی ہو گی بلکہ ضرورت سے زائد گندم برآمد کر کے قیمتی زر مبادلہ بھی کمایا جا سکے گا۔