دنیا کا پہلا

دنیا کا پہلا 100 میگا پکسل کیمرے سے لیس اسمارٹ فون

اگر تو آپ اسمارٹ فون کیمرے کی وجہ سے لینا پسند کرتے ہیں تو اچھی خبر یہ ہے کہ اب دنیا کا پہلا 100 میگا پکسل سنسر سے لیس فون جلد سامنے آنے والا ہے، یا کم از کم ایک کمپنی نے ایسا عندیہ دیا ہے۔

ابھی کسی فون میں سب سے زیادہ میگا پکسل کا ریکارڈ شیاﺅمی اور ہواوے کے فونز کے پاس ہے جن میں 48 میگا پکسل مین کیمرہ استعمال ہورہا ہے۔

چین کی ہی کمپنی لیناوو نے نے اپنے نئے فونز زی سکس پرو کے لیے سو میگا پکسل کیمرا دینے کا اشارہ دیا ہے۔

ابھی تک فون تو سامنے نہیں آیا مگر لیناوو کے نائب صدر نے چینی سوشل میڈیا سائٹ پر اس ڈیوائس کا ٹیزر جس چینی ہیش ٹیگ کے ساتھ شیئر کیا، اس کا ترجمہ 100 میگا پکسل بنتا ہے۔

ویسے یہ اتنا حیرت انگیز بھی نہیں کیونکہ پراسیسر بنانے والی کمپنی کوالکوم پہلے ہی رواں برس سو میگا پکسل کیمرا فونز کی آمد کی بات کرچکی ہے۔

لیناوو نے فروری میں بارسلونا میں ہونے والی موبائل ورلڈ کانگریس کے موقع پر فائیو جی ٹیکنالوجی سے لیس ایسے فون کی بات کی تھی جس میں ہائپر ویژن کیمرا دیا جائے گا اور زی سکس پرو وہی ڈیوائس ہے۔

اس کمپنی نے اس موقع پر بتایا تھا کہ وہ اپنے نئے فون میں ہائپر ویڈیو اور سپر میکرو کیمرا موڈز دے گی۔

تاہم لیناوو وہ کمپنی جو اس سے پہلے ماضی میں بھی اپنے جلد متعارف کرائے جانے والے فونز کے فیچرز بہت زیادہ بڑھا چڑھا کر بیان کرچکی ہے جیسے گزشتہ سال کے زی فائیو کے بارے میں اس کا دعویٰ تھا کہ یہ وہ فون ہوگا جس میں بیزل بالکل نہیں ہوں گے جو فون متعارف کرانے پر غلط ثابت ہوا۔

لیناوو زی سکس پرو ممکنہ طور پر اسنیپ ڈراگون 855 پراسیسر اور 12 جی بی ریم سے لیس ہوگا اور یہ رواں سال کی دوسری سہ ماہی کے دوران کسی وقت متعارف کرایا جائے گا۔