وزیراعلیٰ پنجاب

غربت کا خاتمہ جہاد کے مترادف ہے: وزیراعلیٰ پنجاب

لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے گزشتہ روز وزیراعلی آفس میں صوبائی وزراء نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزیر زکوٰۃ و عشر شوکت علی لالیکا، صوبائی وزیر آبپاشی محمد محسن لغاری، صوبائی وزیر محنت انصر مجید نیازی اور صوبائی وزیر اقلیتی امور اعجازعالم شامل تھے۔

ملاقات کے دوران محکموں کے امور، کارکردگی اور عمومی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غربت کا خاتمہ جہاد کے مترادف ہے، یہ جہاد ضرور کریں گے۔ غربت مکاؤ پروگرام ’’احساس اور کفالت‘‘ وزیراعظم عمران خان کے وژن کا عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے پسماندہ اور محروم افراد کی معاونت حکومت کا فرض اولین ہے۔ غربت مکاؤ پروگرام میں خواتین کیلئے معاشی خود کفالت بھی شامل ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ عوام کی پسماندگی دور کرنے کیلئے میسر وسائل سے بھرپور استفادہ کریں گے۔ صحت، تعلیم، رہائش اور اچھی خوراک ہر انسان کا بنیادی حق ہے۔

پنجاب میں تاریخ کا بہترین بلدیاتی نظام لائیں گے۔ غربت کے خاتمے کیلئے سب کو مل جل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ زکوٰۃ و عشر کے نظام کو موثر بنانے کے لئے انفارمیشن ٹیکنالوجی سے مدد لی جائے۔ پنجاب میں محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے تمام تر اقدامات کئے جائیں۔ صوبے میں اقلیتوں سے متعلق فلاحی منصوبوں کی جلد اور یقینی تکمیل چاہتے ہیں۔ صوبائی وزراء نے وزیراعلیٰ کو اپنے محکموں کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔