دبئی: (اے پی پی) پاکستان کے کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے بازوں عابد علی اور محمد رضوان نے آسٹریلوی ٹیم کے خلاف شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچریاں سکور کیں۔
دبئی میں کھیلے گئے پانچ میچوں کی سیریز کے چوتھے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں دونوں پاکستانی بلے بازوں نے آسٹریلیا کی طرف سے ملنے والے 278 رنز ہدف کے تعاقب میں انتہائی شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور اپنی اپنی سنچریاں سکور کیں۔
اس میچ میں پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تاہم دونوں پاکستانی بلے بازوں نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔ عابد علی کی یہ ڈیبیو سنچری تھی جبکہ محمد رضوان نے رواں سیریز میں آسٹریلیا کے خلاف دوسری سنچری سکور کی بلکہ یہ انکے ون ڈے کیریئر کی بھی دوسری سنچری تھی۔
عابد علی 112 رنز بناکر زامپا کی گیند پر آرون فنچ کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوئے جبکہ محمد رضوان 104 رنز بناکر سٹونیس کی گیند پر ہینڈزکومب کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوئے۔