کراچی کے علاقے نارتھ کراچی میں رات گئے موسلا دھار بارش کا آغاز ہوگیا، جبکہ شہر کے دیگر علاقوں میں بھی ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق رات گئے کراچی میں بارش کا سلسلہ شروع ہوتے ہی شہر قائد کا موسم بدل گیا اور ٹھنڈی ہوائیں چلنا شروع ہوگئیں۔
کراچی کے علاقوں گلشن اقبال ، سہراب گوٹھ ،ناظم آباد،آئی آئی چندریگر روڈ ،جمشید روڈ، شارع فیصل ،ملیر،اورنگی ٹاؤن ، کورنگی اور دیگر مقامات پر ہلکی بارش کے بعد سڑکوں پر موٹر سائیکل سواروں کومشکلات کا سامنا ہے اور متعدد حادثات کی اطلاعات بھی موصول ہورہی ہیں۔
کراچی میں بارش کا آغاز نارتھ کراچی میں موسلادھار بارش سے ہوا جس کے بعد شہر کے دیگر علاقوں میں بھی بارش ہوئی ، اس سے پہلے کوئٹہ، نوشکی، زیارت، ہرنائی، ڈیرہ مراد جمالی، لاڑکانہ، نوشہروفیروز، خیرپور میں بارش ہوئی تھی۔
دوسری جانب پنجاب کے شہروں پاکپتن، قصور، جھنگ، ملتان ،ایبٹ آباد اور میرپور آزاد کشمیر میں گزشتہ روز بارش کا سلسلہ شروع ہواجس سے سردی کی شدت بڑھ گئی۔
استور میں شدید برف باری سے پائپ لائنوں میں پانی جم گیا اور علاقہ مکینوں کو پینے کے پانی کی قلت کا سامنا ہے ، چمن،قلعہ عبداللہ،ژوب اورکوہ سلیمان اوراطراف میں بھی برف باری نے معمولات زندگی درہم برہم کر دیئے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج اسلام آباد،راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد ،، ڈی آئی خان، ملتان، ساہیوال، بہاولپور، ڈی جی خان ، میرپورخاص ڈویژن میں چند مقامات بارش کا امکان ہے ، جبکہ خیبرپختونخوا ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں اکثر مقامات پر بارش ہوسکتی ہے ۔