مزاحیہ شو ز

نجی ٹی وی چینلز کے مزاحیہ شو ز سے اسٹیج فنکاروں کی مقبولیت پاکستان سمیت پوری دنیا میں پھیل گئی ہے‘حسن مراد

لاہور( این این آئی) سینئر اداکار حسن مراد نے کہا ہے کہ مختلف نجی ٹی وی چینلز پر پیش کئے جانے والے مزاحیہ شو ز کی وجہ سے اسٹیج فنکاروں کی مقبولیت لاہور اور پنجاب چند اضلاع سے نکل کر پاکستان بلکہ پوری دنیا میں پھیل گئی ہے ،ان شوز کے ذریعے جہاں عوام کو بہترین تفریح میسر آتی ہے وہیں اس میں مزاح کے ذریعے معاشرے کے مسائل کو بھی اجاگر کیا جاتا ہے ۔

” این این آئی “ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے حسن مراد نے کہا کہ اس سے قبل اسٹیج فنکار لاہور اور پنجاب کے دیگر شہروں میں اسٹیج ڈرامے کرتے تھے جس کی وجہ سے مقبولیت اتنا زیادہ نہیں تھی لیکن جب سے مزاحیہ اداکاروں نے ٹی وی چینلز کے شوز میں شرکت کی ہے انہیں صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ پوری دنیا میں شہرت ملی ہے ۔انہوں نے کہا کہ سہیل احمد ، امان اللہ، افتخار ٹھاکر، سخاوت ناز، طاہر نوشاد، سردار کمال، جواد وسیم، امانت چن ، ہنی البیلا، گوشی خان،قیصر پیا ،گلفام، اکرم اداس‘عمران شوکی ، شاہد خان سمیت بے شمار فنکار ہیں جنہوں نے نجی ٹی وی چینلز کے شوز میں کام کیا اور لوگوں سے بھرپور داد سمیٹی ۔

انہوں نے کہا کہ مجھے سینئر اداکارجمیل بسمل نے متعارف کرایا اور پھر سینئرز کی رہنمائی میرے کام آئی اور آج اللہ کے فضل سے مجھے بھی مقام ملا ہوا ہے ۔