اٹھارویں ترمیم

اٹھارویں ترمیم ہدف ہونے کی حقیقت عمران خان کی زبان پر آہی گئی ‘ ترجمان بلاول بھٹو

لاہور( این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے ترجمان سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ عمران خان کی زبان پر حقیقت آ ہی گئی ہے کہ ان کا ہدف اٹھارویں ترمیم ہے ،اس سے عمران خان کو حکومت میں لانے کا اصل ایجنڈہ بھی سامنے آگیا ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم سے دس سالوں تک وفاق دیوالیہ نہیں ہوا تو اب کیسے ہو گیا ؟،عمران خان اپنی معاشی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کیلئے اٹھارویں ترمیم پر الزام عائد کر رہے ہیں،بدترین معاشی صورتحال قومی سلامتی کیلئے بھی مسئلہ بن چکی ہے۔ انہوںنے کہا کہ خان صاحب بتائیں کہ ٹیکس وصولیوں میں 450 ارب کے شاٹ فال کی ذمہ دار اٹھارویں ترمیم کیسے ہے؟، سٹاک مارکیٹ میں مندی، کاروباری طبقے کی بدحالی کی ذمہ دار اٹھارویں ترمیم نہیں بلکہ حکومت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ڈالر، پیٹرول، بجلی ، گیس، ادویات کی قیمتوں میں اضافہ بھی حکومت کی ناکام پالیسیوں کا نتیجہ ہے، عمران خان پانچ سال خیبرپختونخواہ میں تھے تب تو فنڈز لے کر اڑاتے رہے،دس سالوں میں سندھ میں عالمی معیار کی ہسپتال، تعلیمی ادارے اور روڈ بنے ہیں،تھر کے کوئلے سے بجلی کا منصوبہ بھی سندھ حکومت کا ہی کارنامہ ہے، خان صاحب بتائیں خیبرپختونخواہ میں بی آر ٹی کے ناکام منصوبے کے علاوہ کیا بنایا ؟ ۔

انہوںنے کہا کہ آمروں نے صوبائی خودمختاری چھینی ، وہی کام عمران خان کرنے آئے ہیں، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام برداشت نہ ہونا عمران خان کی آمرانہ سوچ کا ثبوت ہے۔