کرپشن کے

وزیر اعظم عمران خان کی قیاد ت میں کرپشن کے ناسور کو منوں مٹی تلے دفن کریں گے ‘ جمشید اقبال چیمہ

لاہور( این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی اور خصوصاً غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کرنے والے کروڑوں افراد کی زندگیوں میں خوشحالی لانے کےلئے چین اور ملائیشیاءسمیت ہر کامیاب ملک کے تجربے سے استفادہ کیا جائے گا ،پاکستان آج جن مشکلات سے دوچار ہے یہ سابقہ حکمرانوں کے کرموں کا نتیجہ ہے لیکن انہیں پھر بھی کوئی شرمندگی نہیں ،وزیر اعظم عمران خان کی قیاد ت میں کرپشن کے ناسور کو منوں مٹی تلے دفن کریں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے 127کے دفتر میں ملاقات کےلئے آنے والے رہنماﺅں اور کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ حزب اختلاف کی جماعتوں کو کھلا چیلنج ہے کہ وہ آٹھ ماہ کے دوران حکومت کی سطح پر کسی ایک بھی منصوبے میں کرپشن ثابت کر دیں ۔میرا دعویٰ ہے کہ انہیں اس میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے گا اور یہ بھی ہو سکتا ہے کہ انہیں ہماری کرپشن کی تلاش میں اپنے ادوار میں کی ہوئی کرپشن کی مزید داستانیں مل جائیں ۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں یہ ہوتا تھاکہ پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ احتساب کا عمل تو شروع کرتی تھیں لیکن طے شدہ منصوبے کے تحت مک مکا کر کے تمام کیسز سرد خانے میں ڈال دئیے جاتے تھے لیکن موجودہ حکومت ایسا نہیں ہونے دے گی اور احتساب کا عمل بلا رکاوٹ جاری رہے گا اور اسی وجہ سے ان کی چیخیں نکل رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حیرانی ہے کہ سابقہ حکمران ملک کو تباہی کی دلدل میں دھکیلنے پر ذرا بھی شرمند ہ نہیں بلکہ موجودہ حکومت کو طعنے دئیے جارہے ہیں۔

اگر موجودہ حکومت قرضوں پر سود کی ادائیگی کر رہی ہے تو یہ قرضے کن ادوار میں لئے گئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے وسائل میں رہتے ہوئے عوام کو تعلیم، صحت سمیت زندگی کی تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی کےلئے کوشاں ہے ۔