لاہور(آئی این پی)اسٹارکرکٹرز کے بغیر پاکستان ون ڈے کپ منگل سے راولپنڈی کر کٹ سٹیڈیم میں شروع ہو گا جس کے تمام انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے ، ورلڈکپ کے ممکنہ اسکواڈ میں شامل اسٹارکرکٹرز آسٹریلیا کیخلاف سیریز کے بعد اس ڈومیسٹک ایونٹ میں بھی آرام کرینگے۔ٹورنامنٹ میں 5ٹیمیں ان ایکشن ہوں گی جن میں پنجاب، بلوچستان،سند ھ ،خیبر پختونخوا اور فیڈرل ایریا شامل ہیں،تورنامنٹ کے تمام میچز ڈے اینڈ نائٹ ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں ہونے والے ایونٹ کا آغاز 2اپریل سے ہوگا، افتتاحی میچ میں پنجاب اور بلوچستان کی ٹیمیں مقابل ہوں گی، فائنل میچ 12اپریل کو ہوگا،تمام مقابلے ڈے اینڈ نائٹ ہوں گے۔ رپورٹ کے مطابق ایونٹ کی مجموعی انعامی رقم 35 لاکھ روپے رکھی گئی ہے.
فاتح ٹیم کو 20 اور رنرز اپ کو 10لاکھ روپے دئیے جائیں گے، ہر لیگ میچ کے بہترین کھلاڑی کو 25ہزار کا انعام ملے گا،ایونٹ کے بہترین بیٹسمین، بولر، آل رانڈر اور فائنل کے مین آف دی میچ کو ایک ایک لاکھ روپے جیب میں ڈالنے کا موقع ملے گا، ہر کھلاڑی کی میچ فیس بھی 33 سے بڑھا کر 35ہزار کردی گئی ہے۔تمام مقابلے ڈے اینڈ نائٹ ہوں گے۔ 2017اور 2018کی چیمپیئن فیڈرل ایریاز کی ٹیم ٹائٹل جیت کی ہیٹ ٹرک کا عزم لئے کھیلے گی۔پاکستان کپ کیلئے 5ٹیموں کا انتخاب انضمام الحق کی سربراہی میں کیا گیا ہے۔دفاعی چیمپیئن فیڈرل ایریا کی قیادت محمد رضوان کے سپرد ہے، دیگر میں احمد شہزاد،اسد آفریدی،بلال آصف،اسرار اللہ،خرم شہزاد، محمد نواز، نہال منصور، رمیز راجہ جونیئر،رومان رئیس، ثمین گل، سعود شکیل، صہیب مقصود،وقاص مقصود اور ضیاالحق شامل ہیں۔