دبئی: (ویب ڈیسک) آسٹریلیا نے پاکستان کو آخری ون ڈے میچ میں بھی شکست دے کر پاکستان کیخلاف کلین سوئپ کر دیا ہے۔ 328 رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم سات وکٹوں کے نقصان پر 307 رنز بنا سکی۔ یاد رہے کہ پاکستان اس سیریز کے پہلے چاروں میچ تسلسل کے ساتھ ہار چکا تھا اور اس میچ میں بھی پاکستان پر شکست کے سائے منڈلا رہے تھے۔
پاکستانی کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس کیویز بلے بازوں نے بھرپور فائدہ اٹھایا۔ اوپنرز کپتان فنچ اور عثمان خواجہ نے اس میچ میں بھی شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے خوبصورت سٹروکس کے ساتھ اپنی اننگز کھیلیں۔
عثمان خواجہ نے 111 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 10 چوکوں کی مدد سے 98 رنز بنائے جبکہ فنچ نے دو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 53 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان دونوں کے بعد آنے والے بلے بازوں مارش اور گلین میکسویل نے بھی شاندار کارکردگی دکھائی۔ دونوں بلے بازوں نے ناصرف اپنی ٹیم کے سکور کو آگے بڑھایا بلکہ نصف سنچریاں بھی سکور کیں۔ مارش نے پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 61 رنز بنائے۔
اس میچ کی خاص بات گلین میکسویل کی جارحانہ اننگز تھی۔ انہوں نے اپنے کھیل سے شائقین کرکٹ سے خوب داد سمیٹی۔ میکسویل نے صرف 33 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 10 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 70 رنز کی اننگز کھیلی۔
پاکستان کی جانب سے عثمان شنواری کامیاب بئولو رہے جنہوں نے اپنے 10 اوورز میں 49 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ جنید خان نے 9 اوورز میں 73 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ آسٹریلیا کی ٹیم نے مقررہ پچاس اوورز میں سات کھلاڑیوں کے نقصان پر 327 رنز بنائے۔