پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان

وفاقی حکومت نے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی(اوگرا) کی سفارش پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا۔

حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں 59 پیسے، لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 25 پیسے، مٹی کے تیل کی قیمت میں 73 پیسے فی لٹر کمی کی گئی جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت برقرار رہیں گی۔

قیمتوں میں کمی کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 90 روپے 38 پیسے، لائٹ ڈیزل 75 روپے 3 پیسے اور مٹی کے تیل کی نئی قیمت 82 روپے 25 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی۔

پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات بارہ بجے سے ہو گا اور یہ فروری 2019 کے لیے مقرر کی گئی ہیں۔

خیال رہے کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا ) نے حکومت کو ارسال کی گئی سمری میں پیٹرول کی قیمت میں 50 پیسے ، لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں ایک روپے، مٹی کے تیل کی قیمت میں 2 روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی تھی۔

اس سے قبل حکومت نے عوام کو سالِ نو کا تحفہ دیتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 86 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 26 پیسے، مٹی کے تیل کی قیمت میں 52 پیسے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل کی قیمت 2 روپے 16 پیسے فی لیٹر کم کا اعلان کیا تھا۔

قیمتوں میں کمی کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 90 روپے 97پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 106 روپے 67پیسے، مٹی کے تیل کی نئی قیمت 82 روپے 98 پیسے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 75 روپے 28پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی تھی ۔

اس سے قبل 31 اکتوبر 2018 کو حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ساڑھے 6 روپے تک اضافے کا اعلان کیا تھا۔