جنرل ہسپتال کی

جنرل ہسپتال کی ایمرجنسی وارڈ میں میڈیکل ریپ کے داخلے پر پابندی لگادی گئی ہے،ڈاکٹرمحمودصلاح الدین

خالق نگر( این این آئی)جنرل ہسپتال لاہورکے ایم ایس ڈاکٹرمحمودصلاح الدین نے کہا ہے کہ جنرل ہسپتال میں مریضوں کے حقوق و تحفظ کو سب پر فوقیت دی جائے گی اور دیکھ بھال کو مزید بہتر بنانے کےلئے ڈسپلن اور نظم و نسق پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔

ہسپتال کو مختلف ذونوں میں تقسیم کرکے انتظامی ڈاکٹروں کو مریضوں کے مسائل فوری حل کرنے، سٹاف کی حاضری اور صفائی ستھرائی کی ذمہ داریاں سونپ کر ادارے میں مینجمنٹ کا سمارٹ سسٹم متعارف کروا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی وارڈ میں میڈیکل ریپ کا داخلہ ممنوع قرار دے دیا گیا ہے۔

ڈاکٹرمحمودصلاح الدین نے این این آئی سے خصوصی گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ مریضوں کے لواحقین کے مسائل ہنگامی بنیادوں پر حل کیے جارہے ہیں، انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

ڈاکٹرمحمودصلاح الدین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ علاج غریبوں کا حق ہے اور دکھی انسانیت کی مدد کرنا ہمارا مذہبی اور اخلاقی فریضہ ہے ، انہوں نے کہا کہ جنرل ہسپتال میں ہیلتھ کے حوالے سے انقلابی اقدامات کئے جا رہے ہیں انشاءاللہ صحت کے شعبے میں ہماری کارکردگی کے ثمرات عوام کے سامنے آنے شروع ہوگئے ہیں، صحت کا شعبہ ہماری اولین ترجیح ہے اس سلسلے میں تمام تر وسائل فراہم کریں گے۔