فیس بک کی

فیس بک کی بڑی کارروائی، سینکڑوں اکاﺅنٹ بند

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) فیس بک نے پاکستان میں ایسے 103 پیجز کو ختم کر دیا ہے جو پاکستانی سیاست، سیاسی رہنماوں، بھارتی حکومت اور پاکستانی فوج کے بارے میں معلومات پھیلاتے تھے،ناتھانیئل گلائیشر جو کہ فیس بک کے سکیورٹی کے سربراہ ہیں نے دعویٰ کیا ہے کہ ہم نے ایسے 103 پیجز، گروپس اور اکاونٹس کو ختم کر دیا ہے جو ایک ایسے نیٹ ورک کا حصہ تھے جو پاکستان سے چلایا جا رہا تھا۔

اس بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اگرچہ اس ساری سرگرمی میں ملوث افراد نے اپنی شناخت ظاہر نہیں کی تھی، انہوں نے الزام عائد کیا کہ ان اکاونٹس کا تعلق پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ سے تھا۔

واضح رہے کہ فیس بک نے پاکستان پر الزام لگا کر پیجز بند کر دیے ہیں لیکن دوسری جانب بھارتی خفیہ ایجنسیزکا بلوچستان کے بارے میں پروپیگنڈہ مسلسل جاری ہے اور اس کے خلاف آج تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی اور نہ ہی کبھی فیس بک نے اس کا نوٹس لیا ہے۔ دوسری جانب فیس بک کا یہ بھی کہنا ہے کہ انہوں نے 687ایسے پیجز بھی بند کر دیے ہیں جن کا تعلق بھارت کی سیاسی جماعت کانگریس سے تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فیس بک کی اس طرح کی کارروائی بھارتی انتخابات سے تقریباً دس دن قبل کرنا بہت سے سوالات کو جنم دیتا ہے کیونکہ اپوزیشن جماعت کانگریس سے وابستہ پیجز کے علاوہ بڑی تعداد میں دیگر پیجز کو پاکستان سے منسوب کرتے ہوئے بند کرنے سے براہ راست بی جے پی کو فائدہ پہنچے گا۔