جی ایچ کیو میں

جی ایچ کیو میں ارکان پالیمنٹ کو بریفنگ 8 اپریل تک موخر

اسلام آباد(ویب ڈیسک)جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں سینیٹ اور قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں کو دی جانے والی بریفنگ 8 اپریل تک موخر کردی گئی۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کے بعد کنٹرول لائن کی صورتحال پر 4 اپریل کو اراکین پارلیمنٹ کو بریفنگ دینی تھی جو اب 8 اپریل کو ہوگی۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے چیئرمین اعظم سواتی کے مطابق 4 اپریل کو سینیٹ کمیٹی کے 6 اراکین اور قومی اسمبلی کمیٹی کے چند اراکین کی عدم دستیابی کی وجہ سے اجلاس موخر کیا گیا۔

یہ آرمی چیف کی پارلیمنٹیرینز کو دوسری بریفنگ ہوگی، اس سے قبل اراکین پارلیمنٹ کو 27 فروری کو پارلیمنٹ میں منعقدہ ان کیمرہ سیشن میں بریفنگ دی گئی تھی جہاں اسی دن پاکستان نے بھارتی فضائیہ کے لڑاکا طیارے مار گرائے تھے البتہ وزیر اعظم عمران خان نے اس بریفنگ میں شرکت نہیں کی تھی۔

اس اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں سمیت پارلیمنٹ کے اہم رہنما شرکت کریں گے جن میں سابق وزرا بھی شامل ہیں کیونکہ وہ 2 کمیٹیوں کے رکن ہیں۔

30 مارچ کو قومی اسمبلی سیکریٹریٹ سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق قومی اسمبلی میں کمیٹی کے چیئرمین امجد علی خان اراکین اسمبلی کے وفد کی قیادت کریں گے، کمیٹی کے اراکین میں طاہر صادق، چوہدری فرخ الطاف، سید فیض الحسن، برجیس طاہر، اعجاز احمد شاہ، ریاض الحق، محمد خان ڈاہا، اورنگزیب کھچی، عالم داد لالیکا، ریاض حسین پیرزادہ، غوث بخش مہر، خورشید احمد جونیجو، آفتاب شعبان میرانی، امر علی مگسی، جمیل احمد خان، سید امین الحق، صلاح الدین ایوبی، روبینہ عرفان اور رمیش کمار وانکوانیم شامل ہیں۔

بریفنگ میں وزیر دفاع پرویز خٹک کو بھی طلب کیا گیا ہے کیونکہ وہ دونوں قائمہ کمیٹیوں کے سابق رکن رہ چکے ہیں،

اراکین قومی اسمبلی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صبح 10بجے پارلیمنٹ ہاؤس کے گیٹ نمبر 1 پر پہنچ جائیں اور جو لوگ براہ راست جی ایچ کیو پہنچنا چاہتے ہیں، انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اجلاس سے قبل اپنی گاڑیوں کے رجسٹریشن نمبر فراہم کریں۔

سینیٹ سیکریٹریٹ سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے چیئرمین اعظم سواتی اراکین کی قیادت کریں گے، اس اجلاس میں جو اراکین شرکت کریں گے ان میں رحمٰن ملک، شیری رحمٰن، انوار الحق کاکڑ، چوہدری تنویر خان، خوش بخت شجاعت، لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم، کبیر احمد محمد شاہی، جاوید عباسی، طلحہ محمود، مشاہد حسین سید، مشتاق احمد اور سجاد حسین طوری شامل ہیں۔