ضمنی انتخاب

ملتان کے ضمنی انتخاب میں کامیابی عوام کا حکومت پر اعتماد ہے‘ مسرت چیمہ

لاہور ( این این آئی)تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ ملتان کے ضمنی انتخاب میں کامیابی عوام کا حکومت کے اقدامات پر اعتماد کا اظہار اورتبدیلی کے ایجنڈے کی جیت ہے ، سابقہ حکمرانوں نے اپنے بینک اکاﺅنٹس بھرنے اور عیاشیوں کےلئے کئی دہائیوں سے قومی خزانے میں نقب لگا رکھی تھی جس کا خمیازہ آج عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے ، حکومت عوام کی مشکلات سے ہرگز بے خبر نہیں انشا اللہ جلد اچھا وقت آئے گا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ملاقات کےلئے آنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ سابقہ حکمرانوں نے مصنوعی اور ناکام پالیسیوں سے ملک کی جڑوںکو کھوکھلا کیا ،معیشت کی ترقی کے دعوے کئے گئے لیکن حقیقت اس کے برعکس تھی ۔ حکومت معیشت کی بہتری کےلئے اصلاحات پر عمل پیر اہے اور یہ مرحلہ کبھی بھی آسان نہیں ہوتا اور اس کی قیمت ادا کرنا پڑتی ہے ۔

وزیر اعظم عمران خان عوام کے مسائل اور مشکلات سے آگاہ ہیں اورانشا اللہ جب معیشت اپنے پاﺅں پر کھڑی ہو گی تو عوام کو ریلیف ملے گا جو عارضی نہیں بلکہ دیرپا ہوگا ۔

مسرت چیمہ نے کہا کہ اپوزیشن کو ملک اور عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں بلکہ انہیں اپنی سیاست عزیز ہے ، لٹیروں کا دوبارہ اکٹھ بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے جسے عوام مسترد کر دیں گے۔