لاہور ( این این آئی) رحیم یارخان کے قریب مال گاڑی کے حادثے کے باعث ٹرینوں کی آمد رفت کا نظام درہم برہم ہوگیا اور ٹرینیں 20 گھنٹے سے زیادہ تاخیر کا شکار رہیں۔
ریلوے ذرائع کے مطابق مال گاڑی کے ایک حادثے نے ریلوے کی تمام کارکردگی پر سوالیہ نشان لگا دیئے، علامہ اقبال ایکسپریس 22گھنٹے اور پاکستان ایکسپریس 19گھنٹے تاخیر سے کراچی پہنچی ، سفر کے دوران مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
علامہ اقبال ایکسپریس کو گزشتہ صبح 8بجے کراچی کے کینٹ اسٹیشن پہنچنا تھا جس کے بعد کل دوپہر 12بجے ہی کراچی سے روانہ ہونا تھا تاہم وہ 22 گھنٹے کی تاخیر کے بعد کراچی پہنچی۔اندرون ملک ٹرینوں کی روانگی میں تاخیر کے باعث مسافروں کو پریشانی کا سامنا رہا، پاکستان ایکسپریس کینٹ اسٹیشن سے راولپنڈی کے لئے 17 گھنٹے کی تاخیر کے بعد روانہ ہوگئی۔
راولپنڈی، لاہور، اور ملتان سے کراچی پہنچنے والی ملت ایکسپریس، پاکستان ایکسپریس، عوام ایکسپریس، زکریا ایکسپریس اور فرید ایکسپریس کی آمد میں بھی تاخیر ہوئی ۔
ریلوے حکام کے مطابق راولپنڈی اور لاہور سے ٹرینوں کی کوئٹہ پہنچنے میں 24 گھنٹے تک تاخیر ہو رہی ہے جبکہ کوئٹہ سے اندرون ملک ٹرینیں اپنے وقت پر روانہ ہوئیں ۔ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ اکبر ایکسپریس اور جعفر ایکسپریس کے مسافر ایک ٹرین میں سبی روانہ ہوں گے جس کے بعد سبی سے مسافر علیحدہ علیحدہ ٹرین میں اپنی اپنی منزل کی جانب روانہ ہوں گے۔