پنجاب گیمز

72ویں پنجاب گیمز کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب کا انعقاد‘سکیورٹی کے سخت انتظامات

لاہور(اے پی پی )پنجاب گیمز بدھ کی رات پنجاب سٹیڈیم لاہور میں شروع ہوگئیں‘گیمز کی افتتاحی تقریب نے پنجاب سٹیڈیم میں خوشیوں کے رنگ بکھیر دیئے‘ سٹیڈیم میں موجود تماشائی جھوم اٹھے‘صوبے کے 9 ڈویژنز اور خیرسگالی مہمان صوبوں سندھ،بلوچستان اور خیبر پختونخواہ کے دستے اولمپئن ریحان بٹ کی قیادت میں میدان میں داخل ہوئے، تماشائیوں نے زبردست تالیوں کے ساتھ استقبال کیا،قومی ترانے کے احترام میں سب کھڑے ہوئے، کھلاڑیوں نے سفید کارڈ لہرا کر دنیا کو امن کا پیغام دیا‘ صوبائی وزیر رائے تیمور بھٹی نے استقبالیہ پیش کیا‘ پنجاب گیمز کی ٹارچ مختلف ایتھلیٹس کے ہاتھوں سے ہوتی ہوئی انعام بٹ کے پاس آئی، انہوں نے مشعل روشن کردی، بعد ازاں موسیقی سے بھی تماشیوں کو محظوظ کیاگیا.

،جمناسٹک کے بھی خوبصورت مظاہرے ہوئے‘4روزہ گیمز 6 اپریل تک جاری رہیں گی، 9 ڈویژنز سے 3 ہزار سے زائدکھلاڑی 30 کھیلوں کے 158 ایونٹس میں 1030 میڈلز کیلئے جنگ لڑیں گے، سپیشل بچوں کے 2 گیمز خواجہ سراؤں کے 3ایونٹ بھی شامل ہیں، سٹیڈیم میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے‘ تمام انتظامات کی نگرانی ڈی جی سپورٹس بورڈ پنجاب کرہے تھے۔