درجہ بندی

تعلیمی درجہ بندی میں لاہور کا آخری نمبر

لاہور(نیوز ڈیسک)پرائمری اور مڈل کے نتائج میں لاہور ڈسٹرکٹ کے سکولوں کی ناقص کارکردگی منظرعام پر آ گئی ۔ 36 اضلاع کی درجہ بندی میں لاہور آخری نمبر پررہا ۔ درجہ بندی رپورٹ کے مطابق پرائمری کے امتحانات میں لاہور سے 87 ہزار بچوں نے شرکت کی مگر کامیابی 61 ہزار 360 نے حاصل کی اور نتائج 70 فیصد رہے ۔

پانچویں کے امتحانات میں پہلی پوزیشن اوکاڑہ نے حاصل کی جبکہ دوسرے اور تیسرے نمبر پر خانیوال اور ڈی جی خان رہے ۔ مڈل کے امتحانات میں بھی لاہور کا 36واں نمبر رہا ۔ امتحانات میں 72 ہزار کے قریب بچوں نے شرکت کی لیکن کامیابی 49 ہزار 760 نے حاصل کی ۔ اس طرح مجموعی طور پر آٹھویں جماعت میں نتائج 70 فیصد سے بھی کم رہے ۔

گزشتہ سال لاہور 36 اضلاع میں 18ویں نمبر پر تھا۔ اس طرح لاہور نے کارکردگی بہتر کرنے کے بجائے تنزلی دکھا ئی ۔پرائمری اور مڈل میں خراب نتائج دینے والے سکول سربراہان اور اساتذہ کے خلاف کارروائی ہوگی ۔ محکمہ سکول ایجوکیشن نے خراب نتائج دینے والے سکول سربراہان اور اساتذہ کا ریکارڈ طلب کرلیا۔ 25 فیصد سے کم نتائج دینے والوں کی تنخواہ میں ایک اضافہ روکا جائے گا۔

15 سے 20 فیصد والوں کے 2 جبکہ 10 فیصد والوں کے 3 اضافے روکے جائیں گے۔

ریکاڈ دیکھنے کے بعد اساتذہ کو شوکاز جاری کیے جائیں گے۔نئے تعینات ہونے والے سی ای او ایجوکیشن اتھارٹی پرویز اختر کاکہنا ہے کہ خراب کارکردگی دکھانے والے اساتذہ کے خلاف کارروائی ہوگی ۔ اب تعلیم پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا ۔