حکومت سے

پاکستان پیپلز پارٹی کا حکومت سے آئی ایم ایف سے معاہدے کی شرائط سامنے لانے کا مطالبہ

اسلام آباد (این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی نے حکومت سے آئی ایم ایف سے معاہدے کی شرائط سامنے لانے کا مطالبہ کرلیا ۔

ہفتہ کو ترجمان بلاول بھٹو زر داری مصطفی نواز کھوکھر نے کہاکہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے پر دستخط سے قبل شرائط سامنے لائی جائیں۔ترجمان بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ وزیر خزانہ کہہ رہے ہیں کہ اسی ماہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے پر دستخط کریں گے۔

انہوںنے کہاکہ یہ پاکستان ہے کوئی کارپوریٹ کمپنی نہیں کہ بورڈ کے فیصلے مسلط کئے جائیں۔انہوںنے کہاکہ یہ 22 کروڑ عوام کے مستقبل کے فیصلے ہیں انہیں خفیہ نہیں رکھا جا سکتا۔انہوںنے کہاکہ معاہدے میں ایسا کیا ہے، وزیرخزانہ تفصیلات سامنے لانے سے کیوں گریزاں ہیں؟۔انہوںنے کہاکہ پارلیمنٹ اور عوام جاننا چاہتے ہیں کہ اس معاہدے کے بعد مہنگائی مزید کتنی بڑھے گی؟۔انہوںنے کہاکہ آئی ایم ایف کی شرائط سے بجلی، گیس، پیٹرولیم کی قیمتیں کتنی بڑھیں گی ؟ ۔

انہوںنے کہاکہ آئی ایم ایف کے معاہدے سے ڈالر کتنا مہنگا ہوگا اور روپے کی قدر کتنی کم ہوگی؟۔انہوںنے کہاکہ پہلے ہی حکومت ناقص معاشی پالیسیوں سے ملکی معیشت کو دیوالیہ کر چکی ہے ۔انہوںنے کہاکہ بجلی، گیس، پیٹرولیم اور اشیاءخورونوش کی قیمتوں میں اضافے سے غریب پس چکے ہیں۔

مصطفی نواز کھوکھر نے کہاکہ سٹاک ایکسچینج کریش ہو چکی ہے،اپوزیشن کوئی بھی عوام دشمن معاہدہ قبول نہیں کرے گی۔