لاہور( این این آئی)عازمین حج کےلئے فنگر پرنٹس /بائیو میٹرک کی تصدیق کا مرحلہ شروع ہوگیا، 6سال سے کم اور80سال سے زائد عمر کے افراد کو بائےو میٹرک تصدیق سے استثنیٰ حاصل ہے ۔
وزارت مذہبی امور و حج کے مطابق تمام عازمین حج کےلئے فنگر پرنٹس /بائیو میٹرک تصدےق لازمی قرا ر دی گئی ہے اور اس کے بغیر سعودی عرب روانگی ناممکن ہے ۔ پاکستانی عازمین حج کے فنگر پرنٹس /بائےیو میٹرک تصدیق کا عمل سعودی حکومت کی نامزدکردہ کمپنی ”اعتماد “ کے آزاد کشمیر سمیت ملک بھر میں قائم 29 سنٹرز پر کیا جارہا ہے اوریہ سہولت تمام عازمین حج کے لئے مفت فراہم کی جائے گی ۔ عازمین حج کوان کے بائیو میٹرک شےڈول کی اطلاع اےس ایم ایس کے ذریعے دی جارہی ہے جبکہ شیڈول کی معلومات وزارت کی ویب سائٹ ، ہیلپ لائن اور حاجی کیمپوں کے ذریعے بھی حاصل کی جاسکتی ہیں۔
تمام عازمین حج کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی پریشانی سے بچنے کےلئے صرف اورصرف اپنے شیڈول کے مطابق مقررہ دن اور وقت پر متعلقہ ”اعتماد “ سنٹر میں اصل بینک رسید ، شناختی کارڈ اور اصل پاسپورٹ کے ہمراہ بائیو میٹرک تصدیق کے لئے تشریف لائیں۔