وفاقی کابینہ

وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس 9اپریل کو طلب کرلیا

اسلام آباد (این این آئی)وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس 9اپریل کو طلب کرلیا ہے،اجلاس میں 19نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا،کابینہ اہم تعیناتیوں کی منظوری دے گی۔میڈیارپورٹس کے مطابق 9 اپریل کو وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہو گا ،متروکہ وقف املاک بورڈ کے سربراہ اور جینکو ون، ٹو، تھری کے سربراہان کی تعیناتی بھی ایجنڈے کا حصہ ہوگی جبکہ سی ای او سٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کی تعیناتی کی منظوری اور انفارمیشن کمیشن کے ارکان کی تنخواہ کا تعین بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں مہلک بیماریوں کے علاج کے پروگرام کی بحالی، پیپرا رولز2004میں ترامیم اور فیصل آباد میں آبی وسائل کیلئے فرانس سے 94ملین یورو قرض معاہدے کی منظوری کے امور پر زیرغور آئیں گے۔اجلاس میں عابد حسین، افروز عالم لہری نامی افراد کو یو اے ای، سعودی عرب کے حوالے کرنے کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ فارمیسی کی تعلیم کے اداروں کے الحاق اور سرکاری افسران کی دہری شہریت سے متعلق عدالتی فیصلے پر بھی جائزہ لیا جائےگا۔وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پاکستان میڈیا یونیورسٹی کے قیام کی منظوری دی جائے گی۔