حکومت نمائشی

حکومت نمائشی اور فرمائشی منصوبوں کی بجائے عوام کی حالت زار میں بہتری لانے کےلئے کوشاں ہے ‘ مسرت چیمہ

لاہور( این این آئی)تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ دو نہیں ایک پاکستان کے نعرے کو عملی تعبیر دینے کی کوششوں میں سٹیٹس کو کی حامل قوتوں کی مزاحمت کا سامنا ہے لیکن انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا ،مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی کوشش رہی ہے کہ عوام کو تعلیم اور زندگی کی بنیادی سہولتوں سے محروم رکھ کر اپنا غلام بنا کر رکھا جائے ۔

اپنی رہائشگاہ پر ملاقات کےلئے آنے والی خواتین کارکنوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے مسرت چیمہ نے کہا کہ حمزہ شہباز چند کارکنوں کو تو بیوقوف بنا سکتے ہیں لیکن کروڑوں عوام کو کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونک سکتے ۔

اگر اپنے تایا اور والد کی چھتر چھایامیںاربوں روپے کی لوٹ مار نہیں کی گئی تو پھر پردوں کے پیچھے چھپنے کی کیا ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ والے عوام اور کارکنوں کوا پنا غلام سمجھتے ہیں لیکن ان کی حقیقت جلد سامنے آئے گی اور پھر ان کا سایہ بھی ان کے ساتھ نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ دونوں جماعتیں کئی دہائیاںبر سراقتدار رہیں لیکن عوام کو پینے کے صاف پانی، صحت اور تعلیم سمیت زندگی کی بنیادی سہولیات کیوں فراہم نہیں کی گئیں ؟۔شہباز شریف کو رات کو پل اور انڈر پاسز بنانے کا خواب آتا تھا اور صبح اٹھ کر اس پر کام شروع کرا دایا جاتا۔

موجودہ حکومت نمائشی اور فرمائشی منصوبوں کی بجائے عوام کی حالت زار میں بہتری اور آسودگی لانے کے لئے کوشاں ہے اور انشا اللہ چند سالوں میں پاکستانی عوام کو وہ تمام سہولیات میسر ہوں گی جو مہذب معاشرے اپنی عوام کو دیتے ہیں۔