تعلیم کا فروغ

تعلیم کا فروغ اور اس کے معیار کو بہتر بنانا تحریک انصاف کی حکومت کی ترجیحات میں اولین نمبروں پر ہے‘

راولپنڈی(این این آئی)پنجاب کے وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ تعلیم کا فروغ اور اس کے معیار کو بہتر بنانا تحریک انصاف کی حکومت کی ترجیحات میں اولین نمبروں پر ہے

وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار صوبے کے سکولوں میں تمام غیر موجود سہولیات بہم پہنچانے ، اساتذہ کے مسائل کے حل اور ان کی پیشہ ورانہ مہارت میں اضافے کےلئے کوشاں ہیں اور اس مقصد کےلئے آنے والے سالانہ میزانئے میں تعلیمی بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ کیا جائیگا

انہوں نے یہ بات گذشتہ روز گورنمنٹ گرلز ہائیر سکینڈری سکول باغ سرداراں کے دورے کے دوران ہیڈ مسٹریس اور سکول سٹاف سے اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہی راجہ راشد حفیظ نے سکول کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور اساتذہ سے مسنگ سہولیات کے بارے میں بریفنگ لی اجلاس کے دوران راجہ راشد حفیظ نے معلمات سے کہا کہ وہ درس و تدریس کے مقدس پیشے سے منسلک ہیں طالبات کی تعلیم و تربیت کےلئے وہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ طریقہ تدریس اپنائیں اور حکومت کی جانب سے پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کےلئے دی جانے والی سہولیات کے علاوہ بھی ان صلاحیتوں کو بڑھائیں

انہوں نے کہا کہ استاد اگر اپنے شاگردوں کے اندر تعلیم حاصل کرنے کا شوق پیدا کر دے تو باقی کام آسان ہو جاتا ہے انہوں نے کہا کہ حکومت ملک بھر میں یکساں تعلیمی پالیسی نافذ کرنے پر کام کر رہی ہے جس میں تمام سکولوں اور مدارس کو بھی شامل کیا جائے گا یکساں تعلیم قومی تعمیر نو میں بنیادی کردار کی حامل ہے راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ حکومت پنجاب نے اقتدار میں آتے ہی صوبے سے نا خواندگی کے خاتمے کا بیڑہ اٹھایا اور میں نے صوبے بھر کے اضلاع میں غیر رسمی تعلیمی اداروں اور جیلوں کے دورے کرکے تعلیم بالغاں ، قیدیوں کو پڑھانے اور ان کی اصلاح اور غیر رسمی تعلیمی مراکز کو پوری طرح فعال کرنے کی کوشش کی جس میں ہمیں کامیابی مل رہی ہے –