بڑے صوبے

سب سے بڑے صوبے کے سربراہ سازشیوں کی قید میں ہیں،عمران خان کے سہولت کاروں نے وزیراعلی کو بندی بنا رکھا ہے‘ پیپلز پارٹی

لاہور( این این آئی)پیپلز پارٹی کے پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضیٰ نے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کو حبس بے جا میں رکھا گیا ہے،ملک کے سب سے بڑے صوبے کے سربراہ سازشیوں کی قید میں ہیں۔

اپنے ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کے سہولت کاروں نے وزیراعلی کو بندی بنا رکھا ہے، وزیراعلی کو قید کر کے صوبے کے مالی وسائل پر وفاقی حکومت نے قبضہ کر لیا ہے۔

انہوںنے کہا کہ وزیراعلی کو گھومنے پھرنے کی آزادی ہے نہ کار سرکار چلانے کی اجازت دی گئی ،وزیراعلی کو پنجاب اسمبلی تک آنے نہیں دیا جاتا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کو صرف عمران خان لاہور آمد پر کچھ دیر کیلئے پیرول پر رہا کیا جاتا ہے، عثمان بزدار کو صوبے کے دورے پر جانے کی بھی اجازت نہیں دی جا رہی،وزیر اعلی کو آٹھ ماہ میں آٹھ سے بھی کم شہروں میں جانے دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کو وزیراعلی کی بازیابی کی تحریک چلانی چاہیے ،پی ٹی آئی وزیراعلی کی بازیابی کی تحریک چلائے ہم ساتھ دیں گے،ایک صوبے کے وزیراعلی کو قیدی بنائے رکھنا منتخب ایوان کی توہین ہے۔

حسن مرتضیٰ نے کہا کہ ہم صوبائی خودمختاری کی جنگ لڑ رہے ہیں یہاں وزیراعلی ہی قید میں ہے،پنجاب کے عوام بھی دیکھ لیں کہ سیلیکٹڈ ان کے ساتھ کیسا سلوک کر رہے ہیں۔ پی ٹی آئی پنجاب کے حقوق پر خاموش ہے تو ہم صوبے کو حق دلوائیں گے۔