راولپنڈی (این این آئی)قومی احتساب بیورو(نیب) نے سابق وزیردفاع اور پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سینئر رہنما خواجہ آصف کو آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں 9 اپریل منگل کو طلب کرلیا، نیب کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم خواجہ آصف کا بیان ریکارڈ کرے گی۔
ذرائع کے مطابق نیب نے پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کو کو دوسری بار نیب میں طلبی کا نوٹس جاری کر دیا ہے ،خواجہ آصف کو آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں دوسری بار طلب کیا گیاہے، اس سے قبل نیب نے رواں ماہ یکم اپریل کو طلب کیا تھا تاہم خواجہ آصف بیرون ملک ہونے کی وجہ سے قومی احتساب بیورو میں پیش نہیں ہوئے تھے جس پر نیب نے انہیں دوسری بار نوٹس جاری کرتے ہوئے 9 اپریل کو طلب کر لیا ۔نیب نے خواجہ آصف سے ان کے اثاثوں سے متعلق تفصیلات طلب کرتے ہوئے متعلقہ دستاویزات بھی ہمراہ لانے کا کہا ہے۔نیب ٹیم نے 9 اپریل کو پیشی کے موقع پر خواجہ آصف کا بیان ریکارڈ کرنے کے علاوہ تحریری جواب کیلئے انہیں سوالنامہ بھی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ قومی احتساب بیورو گزشتہ برس اکتوبر میں خواجہ آصف کیخلاف منی لانڈرنگ کے الزام میں تحقیقات کا آغاز کیا تھا، نیب نے خواجہ آصف اور ان کی فیملی سے تمام بینک اکاونٹس، قرض اور رقوم کی اندرون و بیرون ملک منتقلی کا ریکارڈ بھی طلب کیا تھا۔