ناکامیوں پر

محمد عامر کی ناکامیوں پر کپتان بھی تشویش میں مبتلا

لاہور: محمد عامر کی ناکامیوں پر سرفراز احمد بھی تشویش میں مبتلا ہیں، ان کا کہنا ہے کہ ٹیم کا اسٹرائیک بولر وکٹیں نہ لے رہا ہو تو کپتان کو پریشانی ہوتی ہے۔

مسلسل ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے محمد عامر کی ورلڈ کپ کیلیے قومی اسکواڈ میں شمولیت خطرے میں پڑ چکی ہے، چیمپئنز ٹرافی فائنل کے بعد 14 ون ڈے میچز میں کبھی ایک سے زیادہ وکٹ حاصل نہ کر پانے والے پیسر کے مستقبل کا فیصلہ 18 اپریل کو ہوگا، جب کھلاڑیوں کو میگا ایونٹ میں شرکت کے پروانے جاری کیے جائیں گے۔

ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو میں سرفراز احمد سے سوال کیا گیا کہ محمد عامر کی رفتار اور سوئنگ دونوں میں کمی آگئی، جواب میں کپتان نے کہاکہ پیسر کی وکٹوں کی شرح کم ہو گئی، اگر کسی ٹیم کا مین اسٹرائیک بولر وکٹیں نہ لے رہا ہو تو کپتان کو تشویش ہوتی ہے، دعائیں مانگیں ان کو تھوڑی وکٹیں بھی مل جائیں۔

ورلڈ کپ اسکواڈ کیلیے محمد عامر کے لازمی انتخاب کے سوال پر سرفراز احمد نے کہا کہ اس کا جواب جلد مل جائے گا، ان سے پوچھا گیا کہ اس کا مطلب ہے کہ صورتحال واضح نہیں، کپتان نے کہاکہ ہمارے ذہن میں ہر چیز کلیئر ہے لیکن آپ کو تب بتائیں گے جب ٹیم کا اعلان ہوگا۔