پنشن ختم

حکومت سرکاری ملازمین کی پنشن ختم کرنے سے گریز کرے ‘سید حسن مرتضیٰ

لاہور ( این این آئی) پیپلزپارٹی پنجاب کے پارلےمانی لیڈر و سیکرٹری اطلاعات سید حسن مرتضیٰ نے کہا ہے کہ حکومت سرکاری ملازمین کی پنشن ختم کرنے سے گریز کرے ، سرکاری محکموں میں اصلاحات لانے کے بجائے ان کی نجکاری کرنے کا فیصلہ غیر دانشمندانہ ہے ۔

انہوں نے اپنے جاری بیان میں کہا کہ پاکستان تحرےک انصاف نت نئے تجربات کرنے کے بجائے سرکاری محکموں کو قانونی طرےقہ سے چلائے ، پاکستان سٹیل ملز کو اب پبلک پرائیویٹ پاٹنر شپ کے تحت چلانے کا فیصلہ دراصل نجی کاری پر پردہ ڈالنے کی کوشش ہے ،

انہوں نے کہاکہ آٹھ ماہ سے ہر روز سرکاری ملازمین کے مستقبل کے بارے نیا فیصلہ کیا جارہا ہے ، حکومت سرکاری اثاثے فروخت کرکے تجارتی خسارہ پورا کرنے کی ناکام کوشش کررہی ہے ،

ان سرکاری اثاثوں کو فروخت کرنے کے بجائے انہیں منافع بخش بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں،ہم سرکاری ملازمین کا ہر حال میں تحفظ کریں گے ، پےپلزپارٹی ہمےشہ ان ملازمین کے ساتھ کھڑی رہی ہے ۔