واشنگٹن(این این آئی)وزیر خزانہ اسد عمر انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) سمیت عالمی بینک گروپ کے موسم بہار کے اجلاسوں میں شرکت کےلئےمنگل کو امریکہ پہنچیں گے ، پیر سے شروع ہونے والے 14اپریل تک جاری رہیں گے ،اسد عمر عالمی مالیاتی ادارے کے بیل اذوٹ پیکج پر خصوصی گفتگو کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ اسد عمر آٹھ اپریل پیر سے شروع ہونے والے موسم بہار کے اجلاس کے آغاز کے ایک دن بعد منگل کو امریکہ پہنچیں گے جہاں یہ اجلاس 8 سے 14 اپریل تک منعقد ہوں گے۔
آئی ایم ایف مشن ممکنہ طور پر رواں ماہ کے آخر میں پاکستان کا دورہ کرے گا تاکہ پیکج کو حتمی شکل دی جاسکے ۔پاکستان نے گزشتہ سال اکتوبر میں آئی ایم ایف سے باقاعدہ قرض کی درخواست کی تھی اور اس کے بعد سے اب تک پاکستان اور آئی ایم ایف کے سینئر حکام کے درمیان کئی ملاقاتیں ہو چکی ہیں تاکہ قرض کو حتمی شکل دی جا سکے۔بڑھتے ہوئے خسارے، کم ہوتے زرمبادلہ کے ذخائر، کم برآمدات، گرتے ہوئے ٹیکس ریونیو، کمزور کرنسی اور غیر ملکی قرض کی ادائیگی کے دباو کے سبب پاکستان کے معاشی حالات بد سے بدتر ہوتے جا رہے ہیں جس کے باعث پاکستان کو ایک مرتبہ پھر آئی ایم ایف پیکج کےلئے رجوع کرنا پڑ رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اب تک معاشی بحران سے نکلنے کے لیے کیے گئے تمام تر اقدامات ناکام ثابت ہوئے ہیں اور سعودی عرب، چین اور متحدہ عرب امارات سے قرض کے باوجود روپے کی قدر مستقل کم ہوتی جا رہی ہے جس کی وجہ سے پاکستان مطلوبہ نتائج کے حصول میں ناکام رہا اور اسے آئی ایم ایف پیکج کے لیے رجوع کرنا پڑا۔