باسکٹ بال

انٹر ڈیپارٹمنٹل اور ڈویڑنل نیشنل باسکٹ بال چمپئن شپ کا آغاز بدھ سے ہوگا

اسلام آباد (این این آئی)انٹر ڈیپارٹمنٹل باسکٹ بال چمپئن شپ کا آغاز بدھ سے اسلام آباد میں ہو گا جس کے افتتاحی میچ میں دفاعی چمپئن پاکستان آرمی اور پولیس کی ٹیمیں مد مقابل ہونگی۔

چمپئن شپ کے آرگنائزنگ سیکرٹری اوج ظہور کے مطابق فیڈرل باسکٹ بال ایسو سی ایشن کے زیراہتمام کھیلی جانیوالی انٹر ڈیپارٹمنٹل چمپئن شپ میں شریک سات ٹیموں کو دو پولز میں تقسیم کیا گیا ہے جس کے تحت پول اے پاکستان آرمی ، پی او ایف واہ اور پولیس جبکہ پول بی میں واپڈا ، پاکستان ائیر فورس، ریلویزاور نیوی کی ٹیمیں شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ فیڈرل باسکٹ بال ایسو سی ایشن نے چمپئن شپ کے کامیاب انعقاد کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔

10اپریل سے شروع ہونیوالی چمپئن شپ کے پہلے روز پاکستان آرمی اور پولیس کی ٹیمیں افتتاحی میچ میں مد مقابل ہونگی جبکہ واپڈا کا مقابلہ نیوی اور ائیر فورس کی ٹیم ریلویز کیخلاف مد مقابل ہو گی۔

اوج ظہور نے بتایا کہ انٹر ڈیپارٹمنٹل چمپئن شپ کے سیمی فائنل 13اپریل اور فائنل 14اپریل کو کھیلا جائیگا۔ انہوں نے بتایا کہ باسکٹ بال فیڈریشن نے نیشنل انٹر ڈیپارٹمنٹل باسکٹ بال چمپئن شپ کیساتھ ساتھ انٹر ڈویژنل باسکٹ بال چمپئن شپ گریڈ بی بھی 10اپریل سے 14اپریل تک منعقد کریگی جس میں شریک ٹیموں میں پول اے میں اسلام آباد، کوہاٹ ، سرگودھا، مردان ، پول بی میں کراچی ، راولپنڈی ، فاٹا اور میر پور خاص شامل ہیں۔ڈویژنل چمپئن شپ کے پہلے روز کوہاٹ اور سرگودھا،کراچی اور میر پور خاص، اسلام آباد اور مردان ، راولپنڈی اور فاٹا کی ٹیمیں مد مقابل ہونگی۔دونوں چمپئن شپ کے فائنل 14 اپریل کو منعقد ہونگے۔