لاہور ( این این آئی) قومی احتساب بیورو (نیب ) نے پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف و مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما حمزہ شہباز کوبدھ طلب کرلیاجبکہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو بھی منگل کو طلب کیا گیا ہے ۔
ذرائع کے مطابق نیب لاہور نے اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کو 10 اپریل کو آمدن سے زائد اثاثے رکھنے پر طلب کیا ہے۔اس سے قبل نیب نے 2 بار حمزہ شہباز کی گرفتاری کے لیے ان کے ماڈل ٹاﺅن والے گھرمیں چھاپہ مارا لیکن دونوں بار نیب اہلکاروں کو گرفتاری کے بغیر ہی واپس جانا پڑا۔
بعد ازاں حمزہ شہباز معاملے کو عدالت لے گئے جہاں لاہور ہائی کورٹ نے انہیں 17 اپریل تک عبوری ضمانت دے دی۔واضح رہے کہ نیب نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف و مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کو بھی منگل 9 اپریل کو طلب کر رکھا ہے، انہیں رمضان شوگر ملز کیس میں طلب کیا گیا ہے۔