لاہور (این این آئی) وزیرہاﺅسنگ واربن ڈویلپمنٹ پنجاب میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عوامی مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن کوششیں بروئے کار لارہی ہے،
عوامی مسائل کے حل میں متعلقہ اداروںکے افسران کامتحرک کردار خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔یہ بات انہوں نے پی ٹی آئی سیکرٹریٹ میں منعقدہ کھلی کچہری کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہی۔
وائس چیئرمین ایل ڈی اے ایس ایم عمران،ایم ڈی واساسید زاہد عزیز،ڈی جی پی ایچ اے ڈاکٹر فیصل ظہوراور دیگر متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجو دتھے۔میاں محمود الرشید نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت عوامی خدمت کو اپنا نصب العین سمجھتی ہے اور کھلی کچہریوں کا مقصد عوامی مسائل کا فوری حل ہے۔
ان کچہریوں کے دوران متعلقہ محکموں کے اعلی حکام کی موجودگی کو یقینی بنایا گیا ہے تاکہ عوامی مسائل کے حل میں خاطر خواہ مدد ملی سکے۔
اس موقع پر لوگوں نے ایل ڈی اے،واسا اور پی ایچ اے کے متعلق اپنی شکایات اور درخواستیں میاں محمود الرشید کو پیش کیں جنہوں نے ان کا جائزہ لینے کے بعد حکام کو ان کے حل کے لئے ضروری ہدایات جاری کیں۔انہوں نے کہا کہ ایل ڈی اے ون ونڈو سیل کے طریقہ کار پر نظر ثانی اور اس ادارے سے متعلقہ عوامی مسائل کے جلد از جلد حل کے لئے نظام میں مثبت تبدیلیوں کی ضرورت ہے۔
انہوں نے اس موقع پر موجود افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے دفاتر میں بھی عوامی مسائل کے حل کے لئے تین ایام مخصوص کریں۔ذمہ داران کی توجہ سے عوامی مسائل کاجلد حل ممکن ہے۔