جاپانی سفیر

جاپانی سفیر کی وزیر خارجہ سے ملاقات ،دوطرفہ تعلقات سمیت اہم علاقائی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

اسلام آباد (این این آئی)پاکستان میں جاپان کے سفیر کونینورو مٹسودا نے وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی جس میں پاکستان اور جاپان کے مابین دوطرفہ تعلقات سمیت اہم علاقائی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

فریقین نے پاکستان اور جاپان کے مابین فروغ پاتے ہوئے، دوطرفہ تعلقات کی نوعیت پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان جاپان کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ جاپان، پاکستان کا بنیادی اقتصادی شراکت دار ہے۔انہوںنے کہاکہ جاپان ، کثیر جہتی شعبوں میں پاکستان کی تعمیر و ترقی میں معاونت کرتا چلا آ رہا ہے ۔

وزیر خارجہ نے پاکستان اور جاپان کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر زور دیا ۔جاپانی سفیر نے 22، 23اپریل 2019 کو جاپانی وزیر خارجہ تارو کونو کی خصوصی دعوت پر، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے متوقع دورہ جاپان کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا۔جاپانی سفیر نے کہاکہ َوزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے دورہ جاپان سے دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہونگے ۔

انہوںنے کہاکہ وزیر خارجہ کے دورہ جاپان سے فریقین کو دو طرفہ سیاسی، اقتصادی، تعلیمی اور ٹریننگ سمیت علاقائی اور عالمی اہمیت کے حامل، باہمی دلچسپی کے متعدد شعبوں میں تعاون کے فروغ کیلئے گفت و شنید کا موقع ملے گا ۔

جاپان کے سفیر نے باہمی دلچسپی کے امور پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو اپنی حکومت کی طرف سے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا ہم جاپان میں آپ کی آمد کے منتظر رہیں گے۔